پوری طاقت سے اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے، شفیع جان

پشاور (جسارت ڈیسک)وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا کے موبائل فون کا فرانزک کرانے کا مطالبہ کردیا، فرانزک ہوگا تو کالعدم تنظیموں سے رابطوں کا پتا لگ جائے گا۔شفیع جان نے کہا کہ 9 مئی تحریک انصاف نے نہیں کیا نہ ہم 9 مئی کا سوچ سکتے ہیں، 9 مئی جس نے کیا ٹھوس شواہد لائیں اور ان کو سزا دیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پرامن طریقے سے خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے، دیگر شہروں کے لوگ اسلام آباد نہیں آئیں گے وہ اپنے شہر بند کریں گے، خیبرپختونخوا کے ساتھ جو شہر ٹچ ہوتے ہیں وہاں کے لوگ اسلام آباد آئیں گے۔شفیع جان نے کہا کہ پنجاب میں پارٹی قیادت میں سے کسی نے لانگ مارچ سے منع نہیں کیا، ہم اس نظام کو گرانے آرہے ہیں اور پوری طاقت سے آئیں گے، لوگوں کے ہجوم سے ہمیں اٹھانا کوئی خالہ جی کا گھر نہیں، اگر وہ اس قسم کے وارنٹ نکال رہے ہیں تو ہم بھی کچھ پلان کرکے بیٹھے ہیں، ہمیں اٹھایا جاتا ہے یا گرفتار کیا جاتا ہے تو ہم نے کچھ وڈیوز ریکارڈ کی ہوئی ہیں۔شفیع جان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کو تو یہ چھو نہیں سکتے جب تک ان کو نا اہل نہ کریں، سہیل آفریدی یا دیگر کو اٹھایا جاتا ہے تو اس کے رد عمل میں ہم نے وڈیوز تیار کی ہوئی ہیں، سہیل آفریدی 4 کروڑ لوگوں کے نمائندے ہیں، فارم 45 کے واحد وزیراعلیٰ ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ہوئی اور انہیں احتجا ج میں شرکت کی دعوت دی۔

مزید خبریں

Scroll to Top