ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا جوش و جذبے سے منایا گیا‘ مسلح افواج کا شہدائے وطن کو خراج عقیدت

کراچی /راولپنڈی (جسارت ڈ یسک / مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں6 ستمبر کو یومِ دفاعِ و شہدا بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ 61 سال قبل پاک فوج اور پاکستانی قوم نے رات کی تاریکی میں حملہ آور ہونے والے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیے تھے۔ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی یہ روایت پچھلے سال مئی میں بھی دُہرائی گئی۔ جنگ 6 ستمبر1965ء کی یاد میں یومِ دفاعِ وشہدا کل منایا گیا، جس کے لیے کراچی میں مزارِ قائد پر خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس پریڈ میں 72 کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستہ نے حصہ لیا جو 64 مرد اور 8 خواتین کیڈٹس پر مشتمل تھا۔ پاکستان ائر فورس کے کیڈٹس نے مزارقائد پرگارڈز کے فرائض سنبھال لیے جبکہ ائرکمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان ائر وائس مارشل حسن فیصل تقریب کے مہمان خصوصی رہے۔ اس موقع پر ائر وائس مارشل حسن فیصل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کی امیدوں پر ہمیشہ پوری اتری، ہر مشکل میں پاک فضائیہ نے اپنی خدمات کو پیش کیا، فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر ائروائس مارشل حسن فیصل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کی امیدوں پر ہمیشہ پوری اتری، ہر مشکل میں پاک فضائیہ نے اپنی خدمات کو پیش کیا، فضائی حدود کادفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، اور پاک فضائیہ نے گزشتہ سال بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ کی قیادت میں جدید ترین نظام سے دفاع مضبوط ہوا، تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے مگر خودمختاری پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔6 ستمبر یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر مسلح افواج نے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ائر چیف نے شہدائے پاکستان کو سلام پیش کیا، مسلح افواج کی جانب سے غازیوں اور شہدا کے اہل خانہ کو بھی خراجِ تحسین پیش اور اظہارِ تشکر کیا گیا۔ بیان کے مطابق 6 ستمبر قومی اتحاد، جرأت اور عزم کی لازوال علامت ہے‘ 1965ء کی جنگ میں پاکستانی قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہوئی، شہدائے پاکستان فرض، غیرت اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کے امین ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ میدانِ جنگ، فضا اور سمندر میں وطن کے محافظوں نے عظیم قربانیاں دیں، ہمارے شہداء کے اہلِ خانہ عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کی دائمی علامت ہیں۔

مزید خبریں

Scroll to Top