امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے خلاباز انیل مینن نے خلائی اسٹیشن سے خلا کا ایک دلکش منظر دنیا کے ساتھ شیئر کیا ہے، جس میں آسمان پر سبز اور سنہری روشنیوں کے درمیان ستاروں کی حرکت کے خوبصورت نشانات نمایاں ہیں۔
انیل مینن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو کے ذریعے خلا سے نظر آنے والے اس منفرد منظر کی جھلک پیش کی۔ ویڈیو میں ستاروں کی طویل نمائش کے دوران بننے والے روشن راستے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ ان کے پس منظر میں قطبی روشنیوں کے سبز اور سنہری رنگ بھی منظر کو مزید دلکش بنا رہے ہیں۔
ناسا کے خلاباز نے خلائی اسٹیشن سے نظر آنے والے اس نظارے کو ’’ہیپی اسٹار ٹریلز‘‘ کا نام دیا۔ خلا کی بلندی سے ریکارڈ کیے گئے اس منظر میں زمین کے گرد موجود فضا اور ستاروں کی روشنی ایک منفرد منظر پیش کرتی دکھائی دیتی ہے۔
انیل مینن نے خلا اور فلکیاتی مناظر میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو مزید ایسے نظاروں کے لیے جڑے رہنے کی دعوت بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ خلاباز جیسیکا میئر ’’آئی آف دی ڈریگن‘‘ سے کچھ انتہائی شاندار مناظر کی تیاری پر کام کر رہی ہیں، جنہیں آئندہ شیئر کیا جاسکتا ہے۔
خلاء سے حاصل ہونے والی ایسی تصاویر اور ویڈیوز نہ صرف زمین سے نظر نہ آنے والے آسمانی مناظر کو نمایاں کرتی ہیں بلکہ عام لوگوں کو کائنات اور خلائی تحقیق کے بارے میں جاننے کا ایک منفرد موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔















