کراچی میں آئندہ چند روز کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 13 ستمبر سے 16 ستمبر تک بارش ہوسکتی ہے، جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں بھی مون سون ہواؤں کے باعث موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، جس کے باعث مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ سندھ کے علاقوں لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، ٹھٹہ، بدین اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسمی نظام کے اثرات کے باعث اسلام آباد میں تیز ہواؤں نے بھی شہریوں کو مشکلات سے دوچار کیا۔ سیکٹر ایف 10 میں تیز ہواؤں کے باعث ایک درخت زمین پر جاگرا، جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے میوزیکل کنسرٹ کے لیے تیار کیا گیا اسٹیج بھی تیز ہواؤں کی تاب نہ لاتے ہوئے گرگیا، تاہم واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
ادھر راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں آندھی کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور کئی مقامات پر بجلی منقطع ہوگئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب پشاور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اٹک اور آزاد کشمیر کے علاقے نیلم کے مختلف مقامات پر بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ بارش کے بعد ان علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا اور درجہ حرارت میں بھی کمی محسوس کی گئی۔















