کراچی: کیماڑی پولیس نے گینگ وار کے کاشف ڈاڈا گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 مبینہ کارندوں نعمان اور شامیر کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان منشیات کی خرید و فروخت کے ساتھ ساتھ رقم کی ترسیل کے لیے مخصوص کوڈ ورڈ ’’ٹپالی‘‘ استعمال کرتے تھے۔ تفتیش کے دوران ملزمان سے حاصل معلومات کے مطابق گروہ کی جانب سے روزانہ 4 سے 5 لاکھ روپے مالیت کی منشیات فروخت کی جاتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش گروہ کے منظم طریقہ کار سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔ ملزمان کے مطابق کاشف ڈاڈا کے گروہ میں خواتین بھی منشیات کی خرید و فروخت اور ترسیل میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔
گرفتار ملزمان نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ گروہ میں کم عمر افراد کو بھی استعمال کیا جاتا ہے اور اس کا سب سے کم عمر مبینہ کارندہ 14 سالہ جلال ہے۔
ملزمان کے مطابق کاشف ڈاڈا مختلف وارداتوں کے لیے اپنے کارندوں کو معاوضے کے طور پر 2 سے 3 ہزار روپے دیتا تھا، جبکہ بعض مواقع پر رقم کے بجائے منشیات فراہم کی جاتی تھیں۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے جبکہ تفتیش کے دوران گروہ کے دیگر ارکان اور منشیات کے کاروبار سے وابستہ افراد کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔















