کراچی: عمرہ زائرین کے لیے پولیو، گردن توڑ بخار، زرد بخار اور انفلوئنزا کی ویکسینیشن سے متعلق نادرا کے ڈیجیٹل نظام کا نفاذ ابتدائی طور پر صرف کراچی ایئرپورٹ سے سعودی عرب جانے والے مسافروں پر ہوگا۔
وفاقی ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، بارڈر ہیلتھ سروسز کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید مرتضیٰ شاہ بخاری کے مطابق 14 ستمبر کے بعد کراچی ایئرپورٹ سے عمرہ کے لیے روانہ ہونے والے مسافروں کو نادرا کا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا، بصورت دیگر انہیں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ویکسینیشن کے لیے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری کو واحد مجاز مرکز قرار دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ بخاری نے بتایا کہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سے متعلق پابندی کا ابتدائی نفاذ کراچی سے سفر کرنے والے مسافروں پر کیا جارہا ہے، جس کے بعد یہ نظام پشاور، اسلام آباد اور لاہور کے ہوائی اڈوں سے بیرون ملک جانے والے مسافروں تک بھی وسعت دیا جائے گا۔
انہوں نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی کہ وہ سفر کی تاریخ قریب آنے کا انتظار کرنے کے بجائے پہلے سے مجاز نادرا ویکسینیشن مرکز سے ویکسین لگوا کر اپنا سرٹیفکیٹ حاصل کرلیں تاکہ ہوائی اڈے پر انہیں سفری مراحل کے دوران کسی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔
حکام کے مطابق افریقا، وسطی اور جنوبی امریکا سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے زرد بخار کی ویکسینیشن بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ ان خطوں میں 10 گھنٹے تک قیام یا عارضی منتقلی کرنے والے مسافروں پر بھی ویکسینیشن کی شرط عائد ہوگی۔
ڈاکٹر مرتضیٰ کے مطابق ایک سال یا اس سے زائد عمر کے مسافروں کو پاکستان میں داخلے کے وقت زرد بخار کی ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازم ہوگا۔ جن مسافروں کے پاس سرٹیفکیٹ موجود نہیں، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کم از کم 6 گھنٹے قبل کراچی ایئرپورٹ پہنچیں، جہاں روانگی کے مقام پر قائم صحت کے کاؤنٹرز پر ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔
بارڈر ہیلتھ سروسز کے فوکل پرسن نے مزید بتایا کہ تمام متعلقہ فضائی کمپنیوں کے اسٹیشن منیجرز اور سفری ایجنسیوں کو اس حوالے سے آگاہی کے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔ فضائی کمپنیوں اور سفری ایجنسیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مسافروں کو ویکسینیشن کی شرائط سے بروقت آگاہ کریں اور مطلوبہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر مسافر کو بورڈنگ کارڈ جاری نہ کریں۔















