گوگل کا ویدر نیکسٹ تھری: موسم کی درست پیش گوئی اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان

google-weather-next-3

کیلیفورنیا: گوگل نے موسم کی پیش گوئی کے لیے ایک انقلابی مصنوعی ذہانت کا نظام متعارف کرایا ہے جو روایتی اور سست رفتار طریقوں کو تبدیل کر دے گا۔

گوگل ڈیپ مائنڈ اور گوگل ریسرچ کی جانب سے تیار کردہ اس جدید ماڈل کا نام ویدر نیکسٹ تھری رکھا گیا ہے۔

یہ جدید نظام زمین کے گرد گردش کرنے والے سیاروں سے حاصل کردہ لائیو تصاویر اور زمینی اسٹیشنوں کے ڈیٹا کو یکجا کرکے کام کرتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت اب کمپیوٹنگ کے بھاری وسائل استعمال کیے بغیر موسم کے بارے میں انتہائی درست اور تازہ ترین معلومات حاصل کرنا ممکن ہو گیا ہے۔

اس نظام کی سب سے اہم خصوصیت اس کی 5 کلومیٹر تک کی مقامی ریزولوشن ہے جو پرانے ماڈلز کے مقابلے میں 5 گنا زیادہ واضح ہے۔ یہ سسٹم ہر گھنٹے موسم کی اپ ڈیٹ فراہم کرتا ہے جس سے طوفانوں اور شدید موسمی حالات کی پیشگی اطلاع دینے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔

گوگل حکام نے کہا کہ ویدر نیکسٹ تھری بارش کی پیش گوئی میں غلطیوں کے امکان کو 50 فیصد تک کم کر دیتا ہے۔ یہ بہتری ان علاقوں میں خاص طور پر نمایاں ہے جہاں ماضی میں موسمیاتی ڈیٹا محدود ہونے کے باعث پیش گوئیاں غیر یقینی اور کم قابلِ اعتماد تصور کی جاتی تھیں۔

یہ ٹیکنالوجی صاف توانائی پیدا کرنے والے اداروں کے لیے بھی انتہائی مددگار ثابت ہوگی۔ یہ نظام 100 میٹر بلند ٹربائنز کے لیے ہوا کی رفتار، بادلوں کی موجودگی اور شمسی تابکاری کی شدت جیسے اہم اعداد و شمار فراہم کرتا ہے جس سے توانائی کے گرڈ آپریٹرز کو بہتر منصوبہ بندی میں مدد ملتی ہے۔

جدید ترین ویدر نیکسٹ تھری ماڈل اب گوگل سرچ، جیمنائی، گوگل میپس اور گوگل ارتھ انجن جیسی اہم خدمات کا حصہ بن چکا ہے۔

صارفین اور متعلقہ ادارے اب دنیا بھر میں موسمیاتی تغیرات کی بہتر اور بروقت معلومات حاصل کر کے اپنی روزمرہ سرگرمیوں کو زیادہ محفوظ طریقے سے منظم کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Scroll to Top