پیرس: فرانس کے شمالی علاقے میں مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی، حادثے کے نتیجے میں 44 افراد زخمی ہوگئے جبکہ امدادی کارروائیوں کے باعث متاثرہ راستے پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثے کے وقت ٹرین میں تقریباً 180 مسافر سوار تھے۔ ٹرین شمالی فرانس کے نارمنڈی خطے میں روئن اور کین کے درمیان سفر کررہی تھی کہ اچانک پٹری سے اتر گئی، جس کے بعد مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ٹرین میں موجود مسافروں کو باہر نکالنے کا عمل شروع کیا گیا۔ حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 44 افراد کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ مقام پر امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں، جبکہ حادثے کے باعث اس روٹ پر ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے۔ امدادی کارروائیاں مکمل ہونے اور متاثرہ پٹری کا جائزہ لینے کے بعد ریل سروس بحال کیے جانے کا امکان ہے۔
حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، تاہم فوری طور پر ٹرین کے پٹری سے اترنے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی۔















