لاہور(نمائندہ جسارت)مشیر امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ انسانیت کو روشنی شمع رسالت ؐ سے ہی مل سکتی ہے دنیا کی تاریکیاں اور اندھیرے اسلام کی روشنی سے ہی ختم ہوسکتے ہیں۔اسلام کا نظام حکومت خلافت راشدہ آج کی حکومتوں کے لیے ایک نمونہ ہے۔اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو انسانیت کے لیے رہنمائی کا نمونہ بنا کر بھیجا۔ اسلام ہی وہ دین رحمت ہے جس نے انسانیت کو تاریکیوں سے نکال کرروشنی بخشی اور کرہ ارض پر رہنے والی تمام مخلوقات کو تحفظ دیا۔اگر اسلام کی روشنی نہ ہوتی تو دنیا گمراہی کے اندھیروں میں بھٹکتی رہتی۔اسلام نے ماں باپ بہن بھائیوں سمیت تمام رشتوں کی پہچان کرائی اور ان رشتوں کے آپس میں پیار محبت اور ایثار و قربانی کی بدولت ہی یہ دنیا رہنے کے قابل ہوئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علما اکیڈمی منصورہ میں اپنی صدارت میں منعقدہ سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔سیرت کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری،پیر ہارون گیلانی،پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھوی،مولانا زبیر حسن اور ڈاکٹر حسین احمد پراچہ نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری نے کہا کہ حضرت محمدؐ کی قائم کردہ مدینے کی ریاست کے بعد پاکستان کلمے کی بنیاد پر وجود میں آنے والی دوسری اسلامی ریاست تھی۔مکہ سے مدینہ اور ہندوستان سے پاکستان کی طرف ہجرت ایک ہی عظیم مقصد کے لیے تھی کہ ایمان کو بچایا اور دین پر عمل کیا جاسکے۔ہجرت مدینہ اس لیے کامیاب ہوئی کہ صحابہ کرامؓ نے اللہ تعالیٰ سے جو وعدہ کیا تھا اسے تمام تر تکالیف برداشت کرکے پورا کیاجبکہ قیام پاکستان کے وقت برصغیر کے مسلمانوں نے جوعہد کیاتھااس کو پورا نہیں کیا گیااس عہد شکنی کی وجہ سے آج تک قیام پاکستان کے مقاصد حاصل نہیں ہوسکے۔انگریز کے ذہنی غلاموں نے قیام پاکستان کے مقاصد کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا۔گورے انگریز خود تو چلے گئے اور اقتدار اپنے غلاموں کالے انگریزوں کے ہاتھ دے گئے۔جنہیں ہم نے آج تک سر پر بٹھایا ہوا ہے۔ہم نے انگریز سے آزادی تو حاصل کرلی مگر انگریز کے نظام سے آج تک آزاد نہیں ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حما دلکھوی نے کہا کہ آپؐ کی سیرت پر عمل کرنے والوں کی زندگیا ں دوسروں کے لیے بھی ہدایت اور رہنمائی کا ذریعہ بنتی ہیں۔اسلام سراسر اخوت ومحبت ایک دوسرے کی دستگیری اور خدمت کا دین ہے۔اسلام نظام کے نفاذ کے بعد معاشرے میں پائی جانے والے جرائم کا خود بخود قلع قمع ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو امن و سلامتی اور انسانیت کو تحفظ صرف اسلام دے سکتا ہے اور انسانیت کی عزت و وقار اور عروج کا بہترین زینہ بھی صرف اسلام ہے۔عالم اسلام کو چاہیے کہ دنیا کو اسلام کے سایہ رحمت میں لائیں تاکہ انہیں تباہی اور بربادی کے گڑھے میں گرنے سے بچایا جاسکے۔















