محکمہ اطلاعات کو مرحلہ وار ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے،کاشف گلزار شیخ

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)صوبائی سیکرٹری اطلاعات حکومت سندھ کاشف گلزار شیخ کی زیرِ صدارت ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن حیدرآباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ اطلاعات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، مرحلہ وار ڈیجیٹل بنانے، افسران کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافے، میڈیا سے موثر رابطہ کاری اور محکمہ کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔قبل ازیں ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد شہزاد احمد شیخ اور ڈائریکٹوریٹ کے دیگر افسران نے صوبائی سیکرٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو اور اطلاعات افسر اشتہارات ذوالفقار علی کھوسو کا استقبال کیا۔اجلاس میں ڈویژنل و ضلعی محکمہ اطلاعات کے افسران نے اپنی کارکردگی پیش کی اور محکمہ کو درپیش مسائل سے صوبائی سیکرٹری اطلاعات کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل میڈیا ظفر علی منگی اور ثوبیہ سلیم نے ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ نے کہا کہ حکومت سندھ نے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے محکمہ اطلاعات کو مرحلہ وار ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے حکومتی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی سرگرمیوں سے متعلق معلومات عوام تک بروقت، موثر اور جامع انداز میں پہنچائی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق محکمہ اطلاعات کے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس سلسلے میں پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا، رپورٹنگ اور ابلاغِ عامہ کے شعبوں میں خصوصی تربیتی پروگرام مرتب کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔صوبائی سیکریٹری اطلاعات نے ہدایت کی کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور حکومت سندھ کے فلاحی اقدامات کو مثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔

مزید خبریں

Scroll to Top