امریکا گریٹر اسرائیل کے ابلیسی منصوبے کو آگے بڑھا رہا ہے،تنظیم اسلامی

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)مشرقِ وسطیٰ میں پھیلتی جنگ نے پوری دنیا کو ایک بڑے معاشی بحران کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ اسرائیل اور امریکا مسلم ممالک کو آپس میں لڑا کر گریٹر اسرائیل کے ابلیسی منصوبے کو آگے بڑھا رہا ہے۔ مسلم ممالک اپنے اصل دشمن یعنی صہیونیوں کے خلاف عملی اقدامات کے لیے متحد ہوں۔ اِن خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے مابین بڑھتے ہوئے تصادم نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ایک طرف امریکاماضی قریب میں کیے گئے تمام وعدوں اور معاہدوں کو سرعام پامال کرکے ایران پر تابڑ توڑ بڑے حملے کر رہا ہے تو دوسری طرف ایران خلیجی ممالک میں امریکی جہازوں سمیت بعض مسلم ممالک میں موجود امریکی اڈوں کے علاوہ شہری تنصیبات پر بھی حملے کر رہا ہے، جن میں نقصان مسلمانوں کا ہی ہو رہا ہے۔ پھر یہ کہ حوثیوں کے سعودی عرب پر جاری حملوں اور علاقے کی بندرگاہوں اور پانی کی اہم ترین گزرگاہوں پر قبضہ نے دنیا کو ایک بڑے معاشی بحران کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل تو چاہتے ہی یہی ہیں کہ مسلم ممالک آپس کی خانہ جنگی میں ملوث رہیں اور کمزور تر ہوتے جائیں۔ پھر یہ کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کو بھی اِس جنگ میں ملوث کیا جائے۔ اْنہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو اگر اب بھی سمجھ نہ آئی کہ صہیونی گریٹراسرائیل کے ابلیسی منصوبے کی تکمیل کے لیے اْنہیں استعمال کر رہے ہیں تو تباہی سے بچانے والا کوئی نہ ہوگا۔ اْنہوں نے کہا کہ ضرورت اِس امر کی ہے کہ تمام مسلم ممالک آپس کی جنگ کو روکیں اور مل بیٹھ کر اپنے اصل دشمن یعنی ناجائزصہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کرنے کی منصوبہ بندی کریں۔

مزید خبریں

Scroll to Top