پشاور میں کارروائی،کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور میں شمشتو کیمپ کے قریب ارمڑ کے علاقے میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 5 اہم دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم آئی ایس کے پی کا اہم کمانڈر عمران بھی شامل ہے۔ ہلاک دہشت گرد حساس اداروں، امام بارگاہوں اور چرچز پر بڑی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران مارے گئے 5 دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، 4 پستول، 2 ہینڈ گرینیڈ، ایک خود ساختہ آئی ای ڈی، 5 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔ سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ کالعدم تنظیم آئی ایس کے پی کا اہم کمانڈر عمران عرف ابو بکر دہشت گردی، بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے 20 مقدمات میں مطلوب اشتہاری تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق عمران مولانا خانزیب، سینیٹر ہدایت اللہ اور ریحانزیب کی شہادت سمیت 6 فروری 2026 کے ترلئی امام بارگاہ خودکش حملے میں بھی مطلوب تھا۔ سی ٹی ڈی نے بتایا کہ عمران عرف ابو بکر نے ترلئی حملے کے لیے خودکش جیکٹ باجوڑ سے منگوائی اور خودکش بمبار کو نوشہرہ سے ترلئی پہنچایا تھا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق عمران کی گرفتاری یا سراغ کی اطلاع پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top