اورنگی ٹائون:سکول کی دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) شہر ِ قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر11 ایل بلاک، فٹبال چورنگی بلدیہ اسکول کے قریب دیوار گرنے کے افسوسناک حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11 ایل بلاک میں بلدیہ اسکول کی بوسیدہ دیوار اچانک منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں وہاں موجود متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور مقامی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت ملبے کو ہٹا کر دبے ہوئے افراد کو باہر نکالا۔ریسکیو حکام کے مطابق کے ایم سی گرلز اینڈ بوائز پرائمری وسیکنڈری اسکول توحید کالونی اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11ایل تمام افراد اسکول کی دیوار کے ساتھ بیٹے نشہ کر رہے تھے دیوار نشہ کرنے والے افراد پر گر گئی اور موقع پر ہی 5افراد جان کی بازی ہارگئے ، دیگر چار افراد زخمی ہوئے جن میںسے دو افراد کی حالت ناساز ہے۔جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ہے، تا ہم اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اورنگی ٹاؤن میں اسکول کی دیوار گرنے سے 5 قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے عباسی شہید اسپتال کی انتظامیہ کو تمام زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے تا کہ دیوار گرنے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Scroll to Top