لیاری میں گھر سے مردہ جانوروں کا گوشت برآمد، قصائی گرفتار

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر قائد کے علاقے لیاری میں سندھ فوڈ اتھارٹی نے ایک کارروائی کرتے ہوئے رہائشی گھر سے بھاری مقدار میں مردہ جانوروں کا گوشت برآمد کر کے جانور ذبح کرنے والے قصائی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے لیاری آگرہ تاج کے قریب ایک گھر پر چھاپا مارا جہاں خفیہ طور پر مردہ جانوروں کو ذبح کر کے ان کا گوشت تیار کیا جا رہا تھا۔حکام کے مطابق گھر کی تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں مردہ جانوروں کا غیر معطلی اور مضرصحت گوشت برآمد ہوا، جس پر موقع سے ہی جانور ذبح کرنے میں ملوث قصائی کو گرفتار کر لیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ علاقہ مکینوں کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں درج کیا گیا ہے جس میں گرفتار قصائی اور اس کے دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔سندھ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ گوشت کے نمونے مزید کیمیائی جانچ کے لیے لیبارٹری ارسال کیے جائیں گے تا کہ حتمی رپورٹ حاصل کی جا سکے۔

مزید خبریں

Scroll to Top