کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ چھاپا مار کارروائیوں کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں ہوائی فائرنگ سے دو شہریوں کو زخمی کرنے والا ملزم، اسٹریٹ کریمنلز، منشیات فروش اور گٹکا ماوا سپلائرز شامل ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں 2 اسٹریٹ کریمنلز (بشمول فائرنگ سے شہریوں کو زخمی کرنے والا ملزم)، 4 منشیات فروش اور 6 گٹکا و ماوا سپلائرز شامل ہیں۔ گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت ارسلان، فرحان عرف سنی، توفیق، عبدالوحید، عبدالمتین، عرفان ملک، محمد سلیم، محمد علی عرف بھٹو، اختر زمان، محمد حسین، حاجی صابر، شیر علی اور حسیب کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس کارروائیاں تھانہ کلری، چاکیواڑہ، بغدادی، نیپئر اور میٹھادر کی حدود میں کی گئیں۔ گرفتاریوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3 عدد پستول بمعہ راؤنڈز، آئس، گٹکا، ماوا، چھالیہ اور وائن کے کین برآمد کیے گئے ہیں۔تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ گرفتار ملزم اختر زمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے جو اس سے قبل بھی 6 مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جاچکا ہے، جبکہ ملزم فرحان عرف سنی بھی 2 مقدمات میں جیل کاٹ چکا ہے۔پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر کے انہیں مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن حکام کے سپرد کر دیا ہے۔















