کراچی (اسٹاف رپورٹر )مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سندھ کے امیر مفتی محمد یوسف قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کی جانے والی دنیا کی پہلی ریاست ہے جس کی منزل اور مستقبل اسلام کے ساتھ وابستہ ہے، دنیا کی کوئی طاقت اسلام اور پاکستان کو جدا نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کا راستہ اسلامی تعلیمات سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کراچی زون اے کے زیر اہتمام جامع مسجد محمدی اوڈ بستی بھینس کالونی ملیر میں منعقدہ استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کی صدارت امیر کراچی علامہ ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی نے کی جبکہ صوبائی ناظم سیاسی امور حافظ عبدالوہاب سیٹھار،تھرپارکر کے امیر مولانا محمد حسن سموں،امیر ضلع ملیر مولانا محب اللہ، مولانا حافظ عبیداللہ انور اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔مرکزی جمعیت اہل حدیث کراچی کے امیر ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور استحکام ،اسلامی نظریے کے تحفظ میں مضمرہے۔ ہمیں اپنی نئی نسل کو قرآن و سنت کی تعلیمات سے روشناس کراتے ہوئے ملک و ملت کی خدمت کے لیے تیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دینی، ملی اور قومی ذمے داریوں کا احساس پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔کانفرنس میں کراچی کابینہ کے عہدیداروں محمد عرفان شیخ، مفتی عبدالروف غزنوی، مفتی انور منہاس، عبدالحسیب چوہان، قاری عبدالرشید ، سرپرست ضلع کورنگی مجیب الرحمان پرتاب گڑہی، قائم مقام ناظم فہیم عبدالرحیم مغل ،اہلحدیث یوتھ فورس کراچی زون اے کے نائب صدر قاری محمد سالم جوناگڑہی، حافظ عبدالمعیزاور امجد اوڈ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔















