کراچی (اسٹاف رپورٹر ) صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کر کے پولیس انتظامیہ میں ہلچل مچا دی۔ سرپرائز وزٹ کے دوران ڈیوٹی سے غیر حاضر اور بغیر وردی موجود پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت محکماتی کارروائی کرتے ہوئے دو ایس ایچ اوز، ایک سب انسپکٹر اور متعدد اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔وزیر داخلہ سندھ اور میئر کراچی سب سے پہلے فیروز آباد تھانے پہنچے جہاں انہوں نے تھانے میں موجود شہریوں سے براہِ راست گفتگو کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ ضیاء الحسن لنجار نے متعلقہ حکام کو شہریوں کی شکایت کے فوری حل کی ہدایت جاری کی اور حوالات میں زیرِ حراست افراد سے پولیس کے رویے اور دیگر امور کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر تھانے میں بغیر یونیفارم ڈیوٹی پر موجود عملے کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے سب انسپکٹر وسیم کو معطل کر کے ان کے عہدے میں ایک درجے کی تنزلی کر دی گئی، جبکہ کانسٹیبل عبدالوہاب کو بھی معطلی کا حکم سنایا گیا۔فیروز آباد کے بعدقافلہ عزیز بھٹی تھانے پہنچا، جہاں معائنے کے دوران ایس ایچ او انسپکٹر شمشاد چاچڑ ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ وزیر داخلہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او شمشاد چاچڑ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ نے تھانے کا روزنامچہ اور دیگر سرکاری ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔بعد ازاں وزیر داخلہ سندھ اور میئر کراچی نے تھانہ شاہراہِ فیصل کا اچانک دورہ کیا۔ جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ ایس ایچ او امتیازی سمیت تھانے کا بیشتر عملہ یا تو غیر حاضر تھا یا پھر پولیس یونیفارم کے بغیر ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق چھ اہلکاروں کے سوا ایس ایچ او سمیت پوری شفٹ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔















