زیر تعمیر پلاٹ میں بچہ پانی میں ڈوب گیا، مختلف علاقوںسے 2لاشیں ملیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات واقعات میں خاتون سمیت 6افراد جاںبحق ہوگئے دیگر واقعات میں 3 افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 14 سوک سینٹر کے زیر تعمیر پلاٹ ٹاؤن آفس کے عقب میں جمع ہونے والے پانی میں تین دوست نہارہے تھے جبکہ دو دوست اپنی مدد اپ کے تحت پانی سے باہر نکل آئے مگر ایک 12سال کا لڑکا ڈوب گیا۔ متوفی دوستوں کا کہنا ہے کہ پانی میں چھلانگ لگانے کے دوران ڈوبنے والے لڑکے کا سر کسی پتھر سے ٹکرایا جس کی وجہ سے وہ پانی میں ڈوب گیا ،دوستوں نے ڈر کے باعث اس وقت کسی کو نہیں بتایا بعد ازاں اہلخانہ کو بتایا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ نوجوان کی لاش غوطہ خوروں نے نکال لی ہے، بڑے رقبے کے پلاٹ میں تقریباً 30 فٹ سے زائد گہرا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈوبنے والے لڑکے کی شناخت 12 سالہ ایلیا ولد انتھونی کے نام سے ہوئی، متوفی بچہ عیسیٰ نگری کا رہائشی تھا۔ متوفی بچے کی لاش علاقہ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔ اسٹیل ٹاون کے علاقے گلشن حدید فیز ون میں گھر کے اندر زہر خوانی کے پراسرار واقعے میں33سالہ دعا زوجہ غفور نامی خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی۔پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔ ملیر کینٹ تھانے کی حدود ملیر کینٹ عسکری 06 کے قریب ٹریفک حادثے میں 55سالہ یعقوب نامی شخص جاں بحق اور 30سالہ فیض علی ولد لیاقت علی زخمی ہوگیا۔ متوفی اور زخمی کو طبی و قانونی کاروائی کے لیے جناح ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔ کورنگی کراسنگ اللہ والا ٹاؤن کے قریب کمپنی میں کام کے دوران چھت سے گر کر 45سالہ محمد احمد ولد محمد ندیم نامی شخص جاں بحق ہوگیا ، متوفی کی لاش کو ضابطہ کی کاروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود سائٹ سپر ہائی وے پاکستان کانٹا نزد M3 پمپ کے قریب گھر سے کئی روز پرانی 57سالہ زریاب گل ولد وحید گل کی لاش ملی ، متوفی کی لاش کو عباسی شہید اسپتال سے ضابطہ کی کاروائی کے بعد ایدھی ہوم سہراب گوٹھ سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔ سہراب گوٹھ تھانے کی حدود سہراب گوٹھ سپر مارکیٹ نزد میمن سینٹر کے قریب سے19سالہ فیصل ولد قاسم کی لاش ملی ، متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب سپرہائی وے جمالی گوٹھ لالہ ہوٹل کے قریب فائرنگ25سالہ سرفراز ولد نظر گل نامی شخص زخمی ہوا۔ ابراھیم حیدری تھانے کی حدود کورنگی جمعہ گوٹھ میں ٹی بی اسپتال کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی لگنے سے 8 سالہ حسنین ولد ملوک نامی بچہ زخمی ہوگیا۔

مزید خبریں

Scroll to Top