پاکستان اور کشمیر کا رشتہ وقتی سیاسی مفاد کا محتاج نہیں ،سردار عبدالرحیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل سردار عبدالرحیم سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 30 چار ہٹیاں، دوپٹہ سے رکن اسمبلی، چیئرمین گجر یوتھ فورم کراچی ڈویژن و چیئرمین قومی امن فورس کمیٹی آزاد کشمیر چودھری مقبول گجر نے مسلم لیگ فنکشنل ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی ڈویژن کے صدر لیبر ونگ سید ولی وارثی، جنرل سیکرٹری لیبر ونگ محمد شکیل، جنرل سیکرٹری کراچی ڈویژن انور عظیم، نائب صدر لیبر ونگ کراچی ڈویژن نوید سمانہ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی مسائل، سیاسی استحکام، جمہوری عمل اور کشمیری عوام کے جائز مطالبات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ المعروف پیر پگارا اور پگارا خاندان کی قومی جدوجہد و سیاسی روایت کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل پیر پگارا کی قیادت میں پگارا خاندان کی قومی جدوجہد، سیاسی روایت اور اصولی مو ¿قف کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کی مضبوطی، جمہوریت، عوامی حقوق، امن و استحکام اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔شرکاء نے کہا کہ پگارا خاندان کی تاریخ قربانی، ایثار، قومی وقار اور اصولوں پر ثابت قدمی سے عبارت ہے۔ شرکاء نے کہا کہ سورھیہ بادشاہ المعروف پیر پگارا ششم کی قیادت میں حر تحریک کی برطانوی استعمار کے خلاف جدوجہد سندھ کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جبکہ اسی قومی روایت کے تسلسل میں آج پیر پگارا پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کی مضبوطی، قومی یکجہتی، جمہوری اقدار اور عوامی حقوق کے لیے اپنا سیاسی کردار ادا کر رہے ہیں۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اور پگارا خاندان کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ کشمیری عوام نے اپنے حقوق اور سیاسی مستقبل کے لیے نسل در نسل جو قربانیاں دی ہیں، وہ پوری پاکستانی قوم کے لیے قابل احترام ہیں۔

مزید خبریں

Scroll to Top