مشکوک گاڑی استعمال کرنے پر ایس ایچ او یوسف پلازہ معطل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آرٹلری میدان، وائی ایم سی گراؤنڈ کے قریب سیف سٹی کیمروں کی الرٹ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر مشکوک گاڑی استعمال کرنے پر ایس ایچ او یوسف پلازہ کو گاڑی سمیت تحویل میں لے لیا۔ اعلیٰ حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسر کو معطل کر کے محکماتی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ایس ایچ او آرٹلری میدان کامران اشعر کے مطابق سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو وائی ایم سی گراؤنڈ کے قریب ایک مشکوک کار کی موجودگی کا الرٹ موصول ہوا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری پیش قدمی کرتے ہوئے گاڑی اور اس میں سوار شخص کو تحویل میں لے کر تھانہ آرٹلری میدان منتقل کیا۔تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ گاڑی میں سوار شخص یوسف پلازہ تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر وقار اعوان تھے اور مذکورہ گاڑی ان کے زیرِ استعمال تھی۔ واقعے کی خبر ملتے ہی شارع فیصل اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کی ٹیم تھانہ آرٹلری میدان پہنچی اور تفتیش کے لیے گاڑی اور معطل افسر کو اپنے ساتھ لے گئی۔اے وی ایل سی حکام نے بتایا کہ معاملہ کافی مشکوک ہے اور اس کی تمام زاویوں سے چھان بین کی جا رہی ہے، تاہم حتمی تفتیش سے قبل کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔دوسری جانب واقعے کی رپورٹ ملتے ہی ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر وقار اعوان کو ایس ایچ او یوسف پلازہ کے عہدے سے فوری طور پر معطل کر دیا اور ان کے خلاف باقاعدہ محکماتی کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top