گورنر ہائوس دھرنا گاہ میں آ ج ’’ حجاب کانفرنس ‘‘ منعقد ہوگی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام ’’حجاب کانفرنس‘‘ آج سہ پہر 3:30بجے دھرنا گاہ گورنر ہاؤس پر منعقد ہوگی۔ کانفرنس کا عنوان ’’نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار‘‘ جبکہ مرکزی پیغام ’’Faith,Character,Future‘‘ ہے۔ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی باحجاب خواتین کو’’ حجاب کانفرنس‘‘ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حجاب محض لباس نہیں، یہ عورت کے ایمان، حیا، وقار اور دینی و تہذیبی شناخت کا مظہر ہے۔ حجاب عورت کو معاشرے میں باوقار کردار ادا کرنے سے نہیں روکتا بلکہ اس کی عزت و عفت کے تحفظ کے ساتھ اسے اپنی ذمے داریاں ادا کرنے کا شعور دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج نسل نو کو فکری انتشار، مغربی تہذیبی یلغار اور اخلاقی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے ماحول میں ہماری سب سے بڑی ذمے داری یہ ہے کہ نئی نسل کو اپنی دینی اقدار، اسلامی تہذیب اور مضبوط کردار سے جوڑا جائے۔ جاوداں فہیم کا کہنا تھا کہ خواتین، معاشرے اور آنے والی نسلوں کی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے باحجاب خواتین کو چاہیے کہ وہ حجاب کے حقیقی پیغام کو عام کرنے اور نسل نو کے ایمان، کردار اور مستقبل کے تحفظ کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کراچی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی باحجاب خواتین سے اپیل کی کہ وہ حجاب کانفرنس میں بھرپور شرکت کریں اور اس اجتماعی جدوجہد کا حصہ بنیں۔

مزید خبریں

Scroll to Top