اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت عظمیٰ نے دودھ میں ملاوٹ اور کار سرکار میں مداخلت کے ملزم غلام نبی کی ضمانت مسترد کردی۔سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم نے ساتھی ملزمان کے ساتھ مل کر فوڈ اتھارٹی کے ملازمین پر حملہ کیا، ملزمان کے قبضے سے پستول بھی برآمد ہوا۔جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ کیا فوڈ اتھارٹی بغیر وارنٹ کسی کی حدود میں داخل ہو سکتی ہے؟ کیا کسی کی حدود میں داخل ہونے کے لیے فوڈ اتھارٹی بااختیار ہے؟سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ہمارے پاس جعلی دودھ کی پکی خبر تھی۔جسٹس مندوخیل نے سوال کیا ،کیا اطلاع کے بعد کسی کی حدود میں داخل ہونیکی اجازت مل جاتی ہے؟ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ سارے الزامات جھوٹے ہیں، 8 ملزمان کی ضمانت ہو چکی ہے، ملزم کا دودھ کا کاروبار تو ہے، چھ ماہ سے جیل میں ہے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا معاشرہ اتنا خراب ہو چکا ہے کہ ہم بھی پریشان ہیں کیاکریں۔جسٹس ملک شہزاد کا کہنا تھا کہ ملزم نے ایسا کام کیا ہے کہ اسے 10 بار اور اندر ڈالنا چاہیے، سرکاری ملازمین کے ساتھ ایسے رویے ہوں گے توکام کیسے چلے گا؟















