پیٹرولیم لیوی بھتا ٹیکس ختم،عوام کو جینے کا حق دے،منعم ظفر خان

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ، امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور پیٹرولیم لیوی بھتا ٹیکس کے خلاف برنس روڈ سے گورنر ہائوس تک نکالی جانے والی ریلی کی قیادت کررہے ہیں

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)پیٹرول لیوی بھتا ٹیکس اور آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہائوس سندھ پر جماعت اسلامی کا دھرنا 27ویں دن بھی جاری رہا ، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی بھتا ٹیکس صرف جماعت اسلامی کا مسئلہ نہیں 25 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے ،حکومت عوام کو جینے کا حق دے ، پیٹرولیم لیوی بھتا ٹیکس ختم کرے ،جماعت اسلامی کے دھرنے 4 صوبائی دارالحکومتوں میں شروع ہوئے تھے آج 30 شہروںمیں جاری ہیں ، ابھی تو ہم پلان اے پر عمل کررہے ہیں جیسے ہی حافظ نعیم الرحمن پلان بی کا اعلان کریں گے تو ہم اس پر بھی عمل کریں گے ،فی لیٹر پیٹرول میں لیوی سمیت 133 روپے بھتا ٹیکس وصول کیے جارہے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ جنگی صورتحال اپنی جگہ لیکن لیوی ٹیکس کا عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔علاوہ ازیں دھرنے میں سابق وفاقی وزیر خزانہ و پاکستان عوامی پارٹی کے جنرل سیکرٹری مفتاح اسماعیل نے بھی شرکت کی اور دھرنے کے شرکا سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مطالبات کی حمایت کی ، دریں اثنا منعم ظفر خان اور امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور کی قیادت میں برنس روڈ سے گورنر ہائوس تک مشعل بردار ریلی نکالی گئی جبکہ 3ستمبر کو شٹر ڈائون ہڑتال کے دوران ضلع کورنگی سے جماعت اسلامی کے گرفتار کیے گئے پر امن کارکنان بھی رہائی کے بعد گورنر ہائوس پہنچے جہاں منعم ظفر خان نے کارکنوں کا استقبال کیا اور ہار پہنائے ، اس موقع پر امیر ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ ، طاہر ملک ایڈووکیٹ بھی موجود تھے ، دھرنے میں کراچی پریس کلب کے جنرل سیکرٹری محمد اسلم خان کی قیادت میں کورننگ باڈی کے ممبران و سینئر صحافیوں نے بھی شرکت کی ۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف نے لینڈ مافیا، جاگیردار، وڈیروں سے بھی ٹیکس وصول کرنے کا کہا ہے لیکن ان سے صرف 10 ارب روپے جبکہ تنخواہ دار طبقے سے 700 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے ہیں۔ حکومت نے 1567 ارب روپے لیوی ٹیکس کے نام پر وصول کیے اور اگلے سال 1660 ارب روپے کا ہدف رکھا گیا ہے ، لندن میںمریم نواز نے 3 دن جہاز پارک کرنے کے 35 لاکھ روپے ادا کیے ہیں ، صدر آصف علی زرداری نے جہاز پارکنگ کے 55 لاکھ روپے ادا کیے ہیں، بلاول زرداری اور آصف زرداری 43 ہزار روپے میں کسی عام گھرانے کا ماہانہ بجٹ بناکر دکھائیں، 11 سو ارب روپے کی کرپشن ایف بی آر کی ناک کے نیچے ہورہی ہے اور انہیں تمغہ امتیاز دیا جارہا ہے ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ جیل سے رہائی پاکر دھرنے میں شرکت والے رفقا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سندھ حکومت اور حکمران سمجھتے تھے کہ پابند سلاسل کر کے ڈرایا اور جھکایا جاسکتا ہے ، سارے اسیران آج نئے عزم و حوصلوں کے ساتھ دھرنے میں موجود ہیں، شہر کراچی کے تاجروں، وکلا، طلبہ صنعت کاروں کو جماعت اسلامی کی تحریک کے ساتھ تعاون کرنے پر شکر گزار ہیں، لیوی بھتا ٹیکس کے حوالے سے دھرنا بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے دھرنے میں پاکستانی عوامی پارٹی کے مفتاح اسماعیل، کراچی پریس کلب کے جنرل سیکرٹری محمد اسلم خان کی آمد پر شکریہ ادا کیا ۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ دھرنے کے شرکا کا شکر گزار ہوں جو 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کررہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن معقول مطالبہ کررہے ہیں جس کو سمجھنے کے لیے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں ہے ، حکومت فی لیٹر پیٹرول میں 85 روپے لیوی اور بقیہ ٹیکسز اور مارجن ملا کر131 روپے اضافی وصول کررہی ہے ، حکومت جانتی ہے کہ پیٹرو ل پاکستان میں 60 فیصد سے زائد موٹر سائیکل چلانے والے ہی ڈلواتے ہیں، موٹر سائیکل سوار کی مجبوری کا فائدہ اٹھایا جارہا ہے، حکومت عوام کی مجبوری کا فائدہ نہ اٹھائے ، ظالمانہ بھتا لیوی ٹیکس ختم کرے ، میں واضح طورپر کہتا ہوں کہ لیوی ٹیکس ختم کرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوگا، لیوی ٹیکس لگانے سے غربت بڑھے گی اور شرح سود میں اضافہ ہوگا ،حکومت کہتی ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے اجازت نہیں ہے۔ یہ وہی آئی ایم ایف ہے جس نے 11 ارب روپے کا جہاز، اربوں روپے کی بلٹ پروف کی گاڑیاں خریدنے کی اجازت دے دی، آئی ایم ایف نوکری پیشہ افراد پر ٹیکس کم کرنے کی اجازت نہیں دیتا ، چینی مافیا کے خاندان کو ہر ماہ 25 ارب روپے کمانے کے لیے آئی ایم ایف نے منع نہیں کیا، غریب اور متوسط طبقے سے 30 فیصد ٹیکس وصول کیے جارہا ہے۔،عوام سبسڈی نہیں مانگ رہے بلکہ ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ملک میں پیٹرول، ڈیزل، بجلی اور گیس کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں ، حکومت مہنگائی کے باعث اسٹیٹ بینک کو شرح سود میں اضافی رقم دینے پر تو تیار ہے لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں ہے ، حکومت نے 2 سال پہلے وعدہ کیا تھا کہ ہم گندم خریدیں گے لیکن انہوں نے وعدہ خلافی کی اور کسانوں کو بے روزگار کردیا، آج کراچی میں آٹا 180 روپے فی کلو ہے اور کسان کو 70 روپے فی کلو ملتے ہیں، جماعت اسلامی کی محنت سے آئی پی پیز سے معاہدوں کے حوالے سے بھی قومی خزانے کوفائدہ ہوا ہے۔امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کے باہر جاری دھرنے میں عوام کا جذبہ اور جوش و خروش روز بروز بڑھ رہا ہے ، حکمران جان چکے ہیں کہ عوام مطالبات کی منظوری تک دھرنے جاری رکھیں گے ۔ امیرجماعت اسلامی ضلع غربی مولانا مدثر حسین انصاری نے کہا کہ منگھوپیر سمیت پورا کراچی چوروں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے ، منگھوپیر میں 8 بہنوں کے اکلوتے بھائی کو رات 3 بجے گھرمیں داخل ہوکر فائرنگ کر کے جاں بحق کردیا، والدین کا کہنا ہے کہ رات کی تاریکی میں لوٹ مارکرنے والوں میں 2 افراد پولیس کی وردی میں تھے ، 16 سالہ روشن حسین خان کو شہید کیے گئے کئی دن گزرگئے ہیں لیکن ان کو انصاف نہیں مل رہا ، جماعت اسلامی روشن حسین خان کے والدین کے ساتھ ہے۔

 

مزید خبریں

Scroll to Top