حافظ نعیم الرحمن کا 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کررہے ہیں

گوجرانوالہ (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم لیوی بھتے کے خلاف20 ستمبر کو تاریخی اسلام آباد مارچ کا اعلان کردیا۔ گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ مارچ کے آغاز سے قبل لیوی بھتا ختم نہ ہوا تو فیصلہ وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں پر ہوگا، پورے ملک سے قافلے نکلیں گے ، فارم 47 کے حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں، عوام کو فوری ریلیف دیں بصورت دیگر حکومت گراؤ تحریک شروع ہوجائے گی۔ جلسہ عام سے امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری ، امیر گجرانوالہ مظہر رندھاوا اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ جلسے میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی قیادت بھی شریک تھی۔ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے لاہور ، پشاور کراچی سمیت ملک کے بیسیوں مقامات پر جاری دھرنے جمعہ کو ستائیسویں روز میں داخل ہوگئے ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے آج اسلام آباد آبپارہ چوک پر خواتین کے جلسہ عام سے خطاب کرنے اور دھرنوں کو مزید توسیع دینے کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیں انہوں منصورہ میں جماعت اسلامی کی پورے ملک سے آئی ہوئی قیادت کے اجلاس کی صدارت کی اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے مشاورت کی۔گوجرانوالہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے لیے امید بن کر ابھری ہے،79 سال سے ملک کا حق مارنے والے حکمران جو افسرشاہی ، جاگیرداروں ، وڈیروں کی صورت سے عوام پر مسلط ہیں کو جماعت اسلامی کی طاقت کا اندازہ ہوگیا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا ملک میں مزدوروں کا براحال ہے ، بچے مزدوری کرتے ہیں، ان پر تعلیم کے دروازے بند ہیں،پنجاب میں40 سال سے حکمران شریف خاندان بتائے ان کی فیکٹریوں میں مزدوروں کو کتنی اجرت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کے استحصال کے ساڑھے 6 ہزار کیسز رجسٹرڈ ہوئے، صرف چند کیسز میں مجرموں کو سزا ہوئی۔ مریم نواز کہتی ہیں وہ لندن سرکاری جہاز میں اپنے خرچ پر گئی ہیں، مریم نواز کو چیلنج کرتاہوں کہ وہ اپنے اخراجات اور آمدنی کا مکمل حساب ایف بی آر کو دیں، ملک میں غریبوں پر ظلم کرنے میں شریف اور زرداری خاندان سرفہرست ہیں۔ پنجاب میں 40 فیصد سے زاید غربت ہے ، ان حالات میں مریم نواز نے اپنے لیے 11 ارب کا جہاز خرید لیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمرانوں نے غریبوں سے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 15 سو 67 ارب روپے اکٹھے کیے ہیں ، غریبوں سے جگا ٹیکس لینے والی حکومت بتائے کہ عوام کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات تک کیوں دستیاب نہیں؟ آئی ایم ایف کی شرائط کا بہانہ لگا کر عوام کو لوٹنے والے بتائیں کہ یہ خود اپنی آمدن کا حساب کیوں نہیں دیتے؟ 90 کی دہائی سے لے کر اب تک جتنی بھی حکومتیں آئیں سب سے آئی پی پیز کو نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران لیوی وصول کرنے کے بجائے اپنی عیاشیاں کم کیوں نہیں کرتے؟ جب اٹھارویں ترمیم میں اختیارات اور بہت سے محکمے صوبوں کو منتقل ہوگئے ہیں تو مرکز یہ بجٹ کیوں مختص کرتا ہے؟ حکمران سود کی لعنت ختم کیوں نہیں کرتے ایسی صورت میں کہ جب وفاقی شریعت عدالت کا واضح فیصلہ موجود ہے،صرف3 فیصد سود ختم کرنے سے ہی قومی خزانہ کو ہزاروں ارب کا فائدہ ہوگا، جماعت اسلامی نے حکومت سے مذاکرات میں یہ سب کچھ بتایا ہے، تاہم ان کے پاس ہماری دلیلوں کا کوئی جواب نہیں۔ اگر حکمرانوں کے پاس جواب نہیں تو اب عوام ان سے جواب لیں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سندھ میں تو تعلیم کا پہلے ہی برا حال تھا ، ن لیگ نے پنجاب میں بھی تعلیم کو تباہ کردیا، نویں جماعت کے نتائج میں سرکاری اسکولوں کے52 فیصد طلبہ وطالبات فیل ہوگئے، مریم نواز نے 11 ہزارا سکولوں کو فروخت کردیا، مزید 25 ہزار کو بیچا جارہا ہے ، بنیادی صحت کے مراکز اوراسپتالوں پر بھی برائے فروخت کے بورڈ آویزاں ہیں ، شرط یہ ہے جواسپتال یا بنیادی مرکز صحت بک جائے اس پر مریم نواز کے نام کی تختی لگنی چاہیے۔ ن لیگ اور پی پی نے عوام سے تعلیم ، صحت ، روزگار چھین لیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے سندھ میں جماعت اسلامی پی پی کی کرپشن کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اپنے مفاد کے لیے نہیں عوام کے لیے احتجاج کررہی ہے ، حکمران ڈرامے بند کریں اور قوم کو اس کا حق دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام متحد ہوجائیں تو ظالم حکمرانوں کو خس و خاشاک کی طرح بہا دیں گے۔
اسلام آباد(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ عوامی حقوق کی اس جدوجہد میں اسلام آباد آنے والے لانگ مارچ کے شرکا ہمارے مہمان ہیں، جماعت اسلامی ان کا بھرپور استقبال اور حتی المقدور مہمان نوازی کرے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد آنے کا اعلان کیا ہے، ہم ان کا بھی بھرپور استقبال کریں گے۔ دفتر جماعت اسلامی اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول سستا ہوگا تو عوام خوشحال ، معیشت کا پہیہ چلے گا اور عام آدمی کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ حکومت نے ایران امریکا جنگ کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرولیم لیوی کے ذریعے ان پر مزید بوجھ ڈال دیا۔ بجٹ میں مقررہ لیوی سے 150 ارب روپے زاید وصول کیے گئے جبکہ گزشتہ برسوں میں تقریباً 500 ارب روپے لیوی جمع کرنے کے باوجود کسی آئل ریفائنری کو مطلوبہ طور پر اپ گریڈ نہیں کیا گیا۔ پیٹرولیم لیوی کا مقصد ریفائنریوں کو اپ گریڈ کرنا تھا، مگر یہ رقم عوام پر بوجھ ڈالنے کا ذریعہ بن گئی ہے۔ حکومت اور بیوروکریسی مذاکرات میں ہمارے سوالات کا جواب دینے میں ناکام رہی ہیں۔ اس موقع پر صدر جماعت اسلامی یوتھ صہیب عثمان، سیکرٹری پولیٹیکل آفیئر عامر بلوچ اور سیکرٹری اطلاعات رب نواز ملک بھی موجود تھے۔
حیدرآباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی حیدرآباد کے تحت حیدر چوک پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، پیٹرول لیوی (بھتا ٹیکس) اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف احتجاجی دھرنا 20 ویں روز میں داخل۔ دھرنے میں شہر کے مختلف طبقہ ہائے فکر کی جانب سے یکجہتی اور شرکت کا سلسلہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ احتجاجی دھرنے کے 19 ویں روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد کے صدر شاکر نواز شر کی قیادت میں سیکرٹری عبدلرازق درس، ایڈووکیٹ شکیل، پردیپ کمار ایڈووکیٹ، معید شیخ ایڈووکیٹ، ایڈووکیٹ عبدالقیوم خان، عاشق علی لکھن، گدا حسین، فتح محمد شورو، نعیم مغل سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عوام کے بنیادی حقوق کی جنگ میں جماعت اسلامی کے موقف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ دھرنے میں نائب امرا عقیل احمد خان، عبدالقیوم شیخ، ضلعی جنرل سیکرٹری حنیف شیخ بھی موجود تھے۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد شاکرنواز شرنے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر نافذ کیے گئے بے جا ٹیکسز اور روز بروز بڑھتی مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا برادری ہمیشہ ناانصافی اور عوامی استحصال کے خلاف کھڑی ہوئی ہے اور اس احتجاج میں عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع حافظ طاہر مجید نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے نام پر عوام سے بھتا وصول کیا جا رہا ہے، جسے جماعت اسلامی کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 19 دن سے جاری یہ دھرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اب ظالمانہ ٹیکسز اور مہنگائی سے تنگ آ چکے ہیں۔ حکومت کو فوری طور پر پیٹرول کی قیمتوں اور تمام غیر قانونی لیوی و ٹیکسز میں کمی کا اعلان کرنا ہوگا، ورنہ اس تحریک کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔دھرنے کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے اور پیٹرول لیوی کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام پر سے مہنگائی کا بوجھ فوری کم کیا جائے۔

 

مزید خبریں

Scroll to Top