بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 78 ویں برسی عقیدت سے منائی جا رہی ہے

mazar-e-quaid

کراچی: بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 78 ویں برسی آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر مزار قائد پر اعلیٰ سرکاری حکام، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد حاضری دے کر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد وہ 1893 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلینڈ روانہ ہوئے اور بیرسٹری مکمل کرنے کے بعد واپس آکر اپنی قانونی قابلیت اور اصول پسندی کے باعث برصغیر کے ممتاز قانون دانوں میں شامل ہو گئے۔

انہوں نے 1906 میں عملی سیاست کا آغاز انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت سے کیا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ مسلمانوں کے حقوق کے حوالے سے انہیں تحفظات پیدا ہوئے۔ بالآخر 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہو کر انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد کو تیز تر کر دیا۔

مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کے قیام کی خاطر قائد اعظم نے مثالی سیاسی اور آئینی جنگ لڑی۔ ان کی مدبرانہ قیادت کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

قیام پاکستان کے بعد وہ ملک کے پہلے گورنر جنرل کے عہدے پر فائز ہوئے اور ایک منظم و جمہوری ریاست کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوشاں رہے۔

بدقسمتی سے علالت نے انہیں زیادہ عرصہ کام کرنے کا موقع نہ دیا اور 11 ستمبر 1948 کو وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ آج ان کی وفات کو 78 برس مکمل ہو چکے ہیں لیکن ان کی دی ہوئی روشن مثالیں اور اصول آج بھی پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔

ملک بھر میں منعقدہ تقریبات اس بات کی گواہی دیتی ہیں کہ قائد اعظم کا کردار ہماری قومی تاریخ کا بنیادی اور ناقابل فراموش باب ہے جس پر قوم آج بھی فخر محسوس کرتی ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top