ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، 50 کلو کا تھیلا 8 ہزار تک پہنچ گیا

کراچی

کراچی: ملک بھر میں گندم کی وافر پیداوار کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہو چکا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صورتحال یہ ہے کہ 50 کلو آٹے کا تھیلا 8 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے جس نے عوام کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔

کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں گزشتہ 4 ماہ کے دوران گندم کی فی کلو قیمت میں 42 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح چکی آٹے کی قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، جس سے شہری علاقوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین نے کہا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غلط سرکاری پالیسیوں کے باعث کسان اور صارف دونوں ہی متاثر ہو رہے ہیں اور چھوٹے کاشتکار بری طرح پس چکے ہیں۔

ہول سیل گروسری ایسوسی ایشن کے چیئرمین رؤف ابراہیم نے کہا کہ گندم کی ڈی ریگولیشن اور امدادی قیمت نہ ہونے سے مافیا کو فائدہ پہنچا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے قیمتیں قابو سے باہر ہیں جبکہ 7 لاکھ ٹن درآمدی گندم ملکی ضرورت کے لیے ناکافی ہے۔

ملک میں گندم کی سالانہ پیداوار 3 کروڑ ٹن ہے جبکہ کھپت 3 کروڑ 10 لاکھ ٹن کے قریب ہے۔ سرکاری سطح پر ناقص ذخیرہ کاری اور جدید سائلوز کی عدم دستیابی کے باعث گندم کی کوالٹی متاثر ہو رہی ہے اور عالمی خریدار اسے کم قیمت پر خرید رہے ہیں۔

محمد دانیال نے کہا کہ عالمی منڈی میں معیار کے خدشات کی وجہ سے پاکستانی گندم کو مناسب ریٹ نہیں مل رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نمی اور کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے ناقص انتظامات کے باعث ملکی گندم کی برآمدی قدر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

حکومت نے نجی شعبے کو گندم ذخیرہ کرنے کے لیے مالی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم ماہرین اسے ناکافی قرار دیتے ہیں۔ چھوٹے کاشتکاروں کے تحفظ اور گندم کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک مربوط اور پائیدار قومی پالیسی کی فوری ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top