ایلون مسک کی نجی زندگی سے متعلق سابق اہلیہ کے چونکا دینے والے انکشافات

elonmusk9

ٹیکساس: دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک کی سابق اہلیہ جسٹین ولسن نے ان کی نجی اور خاندانی زندگی سے متعلق نئے الزامات عائد کر دیے۔

رپورٹس کے مطابق جسٹین ولسن نے ایلیکس گبنی کی جانب سے تیار کی جانے والی آنے والی دستاویزی فلم ’مسک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایلون مسک اپنے بچوں کی ماؤں کے لیے ’بریڈرز‘ کی اصطلاح استعمال کرتے تھے اور انہیں ایک دوسرے کا متبادل سمجھتے تھے۔

جسٹین ولسن کی ایلون مسک سے شادی 2000 سے 2008 تک رہی اور دونوں کے 6 بچے ہیں۔ دستاویزی فلم میں جسٹین ولسن نے اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے بھی کئی دعوے کیے، شادی کے موقع پر ایلون مسک نے خود کو ان کے رشتے کا ’الفا‘ قرار دیا تھا۔

جسٹین ولسن کے مطابق شادی کے دوران پیش آنے والے بعض تجربات کے باعث انہیں پہلی مرتبہ ’گیس لائٹنگ‘ کی اصطلاح سے واقفیت ہوئی اور وقت گزرنے کے ساتھ وہ خود کو ناکافی محسوس کرنے لگی تھیں۔

جسٹین ولسن نے ایلون مسک اور ان کی ٹرانس جینڈر بیٹی ویوین کے تعلقات سے متعلق بھی الزامات عائد کیے، ویوین کے اپنی شناخت کے حوالے سے سامنے آنے کے بعد ایلون مسک نے ان کی ہیلتھ انشورنس ختم کر دی اور تعلقات بہتر بنانے کے لیے مؤثر کوشش نہیں کی،ایلون مسک نے براہ راست بیٹی سے تعلق بہتر بنانے کی کوشش کرنے کے بجائے ان کے ذریعے یہ پیغام بھجوایا تھا کہ وہ اپنی بیٹی سے ’ہمیشہ محبت کریں گے‘۔

دوسری جانب ایلون مسک نے دستاویزی فلم میں شرکت نہیں کی اور اسے ’ہِٹ پیس‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ ایلون مسک کے وکیل ایلیکس اسپیرو نے فلم سازوں کی جانب سے کیے گئے بعض دعوؤں پر قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے۔

فلم کی پروڈکشن کمپنی نے ایلون مسک کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ دستاویزی فلم حقائق کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے اور اس میں سامنے آنے والے دعوؤں کو صحافتی تحقیق کے تقاضوں کے مطابق پیش کیا گیا ہے۔

ایلون مسک کی زندگی پر بنائی جانے والی دستاویزی فلم ’مسک‘ 16 اکتوبر کو ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی نجی زندگی، کاروباری سفر اور خاندانی معاملات سے متعلق مزید تفصیلات بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top