مریم نواز کی صاحبزادی کی گریجویشن،1 کروڑ 25 لاکھ کے سرکاری اخراجات پر سوالات

Maryam-Nawaz-copy

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال کا معاملہ پنجاب اسمبلی میں اٹھا دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی وقاص مان نے اس معاملے پر تحریکِ التوا جمع کرادی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز کی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری طیارہ استعمال کیا گیا، جس پر تقریباً 1 کروڑ 25 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔

تحریکِ التوا میں سرکاری وسائل کے مبینہ استعمال پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر میڈیا رپورٹس درست ہیں تو اس معاملے کی مکمل تفصیلات پنجاب اسمبلی کے ایوان کے سامنے لائی جائیں اور بتایا جائے کہ سرکاری طیارے کے استعمال کی اجازت کس قانون اور ضابطے کے تحت دی گئی۔

اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی وقاص مان نے مطالبہ کیا کہ سرکاری طیارے کے استعمال سے متعلق قانونی اور انتظامی منظوری کی تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں۔ اس کے علاوہ طیارے کے استعمال پر آنے والے مجموعی اخراجات، ادائیگی کے ذرائع اور اخراجات کی منظوری دینے والے متعلقہ حکام کے بارے میں بھی ایوان کو آگاہ کیا جائے۔

تحریکِ التوا میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرکاری وسائل عوامی خزانے سے فراہم کیے جاتے ہیں، اس لیے ان کے استعمال سے متعلق معاملات میں شفافیت ضروری ہے۔ رکن اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ سرکاری طیارے کے استعمال کے معاملے کی مکمل وضاحت ایوان میں کی جائے تاکہ میڈیا میں سامنے آنے والی اطلاعات کی حقیقت واضح ہوسکے۔

تحریکِ التوا میں کہا گیا ہے کہ معاملے کو پنجاب اسمبلی کے ایوان میں زیرِ بحث لانے کی اجازت دی جائے تاکہ سرکاری طیارے کے استعمال، اس کی منظوری، اخراجات اور ادائیگی کے حوالے سے حقائق سامنے آسکیں۔

اپوزیشن رکن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریکِ التوا کے بعد معاملہ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں بحث کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے، جہاں حکومت سے سرکاری وسائل کے مبینہ استعمال سے متعلق وضاحت طلب کی جاسکتی ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top