اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ اکتوبر میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر بحث کا اصل فورم پارلیمنٹ ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس ہوں گے، جن میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر باقاعدہ بحث کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایک نئے طرزِ حکمرانی کو اختیار کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا تھا کہ صوبوں کے معاملے پر کاروباری فورمز کے بجائے قومی اسمبلی میں بحث کی جائے، کیونکہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ صوبوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے۔ اگر موجودہ نظام ناکام ہوا ہے تو قومی اسمبلی میں اس معاملے پر باقاعدہ بحث ہونی چاہیے۔















