سرکاری اسکولوں کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں،کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، ڈی ای او سینٹرل

deo-central

کراچی:  ڈی ای او سینٹرل سید نواز علی شاہ جیلانی نے کہا کہ جو بچے اس وقت اسکولوں سے باہر ہیں، انہیں دوبارہ تعلیمی نظام کا حصہ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ خصوصاً بچیوں کے اسکولوں میں داخلے کے لیے بھی خصوصی انرولمنٹ ڈرائیو پر کام کیا جا رہا ہے۔

سید نواز علی شاہ جیلانی کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کی پوری کوشش ہے کہ سرکاری اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچے کسی بھی لحاظ سے نجی اسکولوں کے بچوں سے پیچھے نہ رہیں اور انہیں بھی بہتر تعلیمی مواقع اور سہولیات میسر ہوں۔ تاہم اس حوالے سے بعض مشکلات بھی درپیش ہیں، جن میں والدین میں تعلیمی آگاہی کی کمی ایک اہم مسئلہ ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے محکمہ تعلیم، اساتذہ، والدین اور اسکول مینجمنٹ کمیٹیز کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔یہ باتیں انہوں نے گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول، ٹاؤن کمیٹی، نیو کراچی میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک پروقار اور روح پرور تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

 گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول، ٹاؤن کمیٹی، نیو کراچی میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک پروقار اور روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات نے بھرپور عقیدت و محبت کے ساتھ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی اور اپنے جذباتِ عشقِ رسول ﷺ کا اظہار کیا۔  تقریب کا انعقاد ہیڈ مسٹریس محترمہ غزالہ یاسمین کی سربراہی میں کیا گیا۔ طالبات نے نہایت خوبصورت، پُرسوز اور دلنشین انداز میں نعتیں پیش کیں، جس کے باعث اسکول کا ماحول عقیدت، محبت، روحانیت اور احترامِ رسول ﷺ سے معمور رہا۔

تقریب میں ڈپٹی ڈی ای او طارق علی، ڈپٹی ڈی ای او نگہت سیما، ڈپٹی ڈی ای او محمد طاہر، میڈیا کوآرڈینیٹر صبا وسیم اور نیو کراچی ٹاؤن کی کوآرڈینیٹر عنبرین نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ای او سینٹرل سید نواز علی شاہ جیلانی کا کہنا تھا کہ بجٹ اور دستیاب وسائل کے بعد سرکاری اسکولوں کی حالت میں کافی بہتری آئی ہے اور محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولوں میں سہولیات اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انرولمنٹ کے حوالے سے خصوصی ڈرائیو چلائی جائے گی اور اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کی پوری ٹیم کام کر رہی ہے۔ والدین، اساتذہ اور اسکول مینجمنٹ کمیٹیز (SMCs) کے ساتھ مل کر اس معاملے پر سنجیدگی اور بھرپور توجہ کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے تاکہ کوئی بچہ اسکول سے باہر نہ رہے۔

ڈی ای او کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کی پوری کوشش ہے کہ سرکاری اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچے کسی بھی لحاظ سے نجی اسکولوں کے بچوں سے پیچھے نہ رہیں اور انہیں بھی بہتر تعلیمی مواقع اور سہولیات میسر ہوں۔ تاہم اس حوالے سے بعض مشکلات بھی درپیش ہیں، جن میں والدین میں تعلیمی آگاہی کی کمی ایک اہم مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے محکمہ تعلیم، اساتذہ، والدین اور اسکول مینجمنٹ کمیٹیز کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈی ای او طارق علی نے گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول ٹاؤن کمیٹی نیو کراچی کی ہیڈ مسٹریس محترمہ غزالہ یاسمین کی خصوصی کاوشوں کو سراہا اور انہیں جشنِ میلاد النبی ﷺ کی خوبصورت اور بامقصد تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے طالبات کی جانب سے پیش کی جانے والی نعتوں، پروگرام کے انتظامات اور مجموعی کارکردگی کو بھی سراہا۔ ڈپٹی ڈی ای او طارق علی نے تقریب کی منتظم مس فضا کی کارکردگی کی بھی خصوصی طور پر تعریف کی اور بہترین انداز میں پروگرام کے انتظامات مکمل کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد طالبات میں محبتِ رسول ﷺ، دینی شعور، اسلامی اقدار اور سیرتِ طیبہ ﷺ سے وابستگی کو فروغ دینا تھا۔ طالبات نے جوش و خروش سے شرکت کرتے ہوئے اس بابرکت تقریب کو یادگار بنا دیا۔

تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی ماحول، سہولیات اور معیار کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اسکول سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں لانے کے لیے بھی بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے، تاکہ کوئی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top