بلدیاتی قانون میں ترمیم‘آئندہ الیکشن ہائی جیک کرنے کی سازش ہے‘متحدہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی قانون میں متوقع ترمیم اور میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کی مدت میں توسیع کی تجویز پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے آئندہ بلدیاتی انتخابات کو ہائی جیک کرنے کی سازش قرار دے دیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد سے جاری بیان میں اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ سندھ حکومت کا متوقع فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہے اور اس کے ذریعے آئین و قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری سندھ کو مزید غلام بنائے رکھنے کی تمام سازشوں کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔ سندھ حکومت یہ بھول جائے کہ وہ شہری سندھ کو کسی وڈیرے کی اوطاق بنا سکتی ہے۔ ایم کیو ایم رہنماؤں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کو چہرہ دکھانے کے دعویدار آج اپنے ہی حلقوں کے زندہ عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں۔ پیپلز پارٹی اپنے مبینہ غیر قانونی تسلط اور قبضے کو طول دینے کے لیے قانون کو گھر کی باندی بنا رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پیپلز پارٹی کے طرز حکمرانی نے صوبے میں سیاسی اور سماجی خلیج کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے جبکہ خود کو جمہوریت کا پاسبان قرار دینے والے ہی جمہوریت کے ساتھ سنگین کھلواڑ کررہے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں کی مدت میں توسیع سے متعلق کسی بھی ممکنہ غیر قانونی اقدام کو فوری طور پر مسترد کیا جائے۔

مزید خبریں

Scroll to Top