کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر عارف ساقی اور ان کے بھتیجے پر تشدد کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم کونین شاہ نے گرفتاری سے قبل ضمانت حاصل کرلی۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث 2 گن مینز سمیت 5 ملزمان کو اب تک گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ مرکزی ملزم کونین شاہ کی گرفتاری کے لیے پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ پولیس حکام نے کہا کہ مرکزی ملزم کی جانب سے ضمانت حاصل کیے جانے کے بعد فی الحال اسے گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔ پولیس کے مطابق صفورا چورنگی کے قریب ایک ہوٹل سے نکلنے والی ڈبل کیبن گاڑی نے پروفیسر عارف ساقی کی آن لائن ٹیکسی کو ٹکر ماری تھی۔ ٹیکسی کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کرنے پر ڈبل کیبن میں سوار افراد نے پروفیسر اور ان کے بھتیجے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔















