کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے نارتھ ناظم آباد ریکارڈ سیکشن میں مبینہ بے ضابطگیوں اور پراپرٹی فائلوں کی گمشدگی کے حوالے سے شکایات سامنے آئی ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ریکارڈ سیکشن سے بعض پراپرٹی فائلیں ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ کی جانب سے طلب کیے جانے کا جواز پیش کرکے حاصل کی جاتی ہیں تاہم بعد ازاں متعلقہ افراد کو بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ فائلیں ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ کے پاس موجود ہیں۔ شہریوں کے مطابق بعض پراپرٹیز کی ایک سے زائد فائلیں تیار کیے جانے کے باعث اصل مالکان کو مشکلات کا سامنا ہے اور ملکیتی ریکارڈ کے حوالے سے تنازعات بھی جنم لے رہے ہیں۔ شہری محمد عادل نے دعویٰ کیا ہے کہ ریکارڈ میں مبینہ طور پر سینکڑوں فائلوں میں ہیر پھیر کی گئی ہے جس کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت ہے۔ شکایات میں نارتھ ناظم آباد ریکارڈ سیکشن کے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد آصف پر بھی سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں تاہم ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ ذرائع کے مطابق معاملے سے متعلق بعض شکایات تحقیقاتی اداروں کو بھی ارسال کی گئی ہیں جبکہ اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے نوٹسز جاری کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نارتھ ناظم آباد ریکارڈ سیکشن کا مکمل آڈٹ کرایا جائے، تمام متنازع اور مشکوک فائلوں کی غیرجانبدارانہ جانچ پڑتال کی جائے اور اگر کسی قسم کی بے ضابطگی ثابت ہو تو ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔















