کراچی (اسٹاف رپورٹر) کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ ٹویوٹا پریمیو سے 212 کلوگرام حشیش (چرس) برآمد کرلی۔پاکستان کسٹمز کے مطابق سپر ہائی وے چیک پوسٹ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ کسٹمز اہلکاروں نے مشتبہ گاڑی کا تعاقب کیا اور اسے آغا خان اسپتال سگنل کے قریب روک لیا۔حکام کے مطابق مشتبہ گاڑی سے حشیش (چرس) کے 212 پیکٹس برآمد ہوئے، ہر پیکٹ کا وزن تقریباً ایک کلوگرام تھا۔ تعاقب کے دوران فرار ہونے والی گاڑی کسٹمز کی ویگو سے بھی ٹکرا گئی۔پاکستان کسٹمز کے مطابق تعاقب کے دوران مشتبہ پائلٹ گاڑیوں سے کسٹمز ٹیم پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی تاہم خطرناک صورت حال کے باوجود اہلکاروں نے تعاقب جاری رکھا اور مشتبہ گاڑی کو حشیش سمیت تحویل میں لے لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حشیش کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی جاری ہے جبکہ مقدمہ درج کرنے سمیت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔















