کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی میں دو منٹ چورنگی کے قریب ہوٹل پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک راہ گیر اور ملزمان کا اپنا ایک ساتھی زخمی ہوگیا۔ پولیس حکام کے مطابق ڈاکو ہوٹل پر لوٹ مار کررہے تھے کہ شہریوں نے مزاحمت کرتے ہوئے انہیں پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہ گیر اور ڈاکوؤں کا اپنا ساتھی زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ڈاکو فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا تاہم شہریوں نے تعاقب کرکے اسے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث وہ مزید شدید زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ڈاکو کو حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا جبکہ راہ گیر کو بھی علاج کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس حکام نے کہا کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔















