ابراہیم حیدری میں پولیس مخبر فائرنگ سے قتل کردیاگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ابراہیم حیدری کے علاقے الیاس گوٹھ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیس کے مبینہ مخبر کو قتل کردیا۔ پولیس نے واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق جمعرات کی صبح راشد اسکول کے قریب 52 سالہ لعل شیر ولد محمد رمضان جویا اپنی نئی موٹر سائیکل پر گھاس لے کر گھر واپس جارہا تھا کہ گھر سے دو گلیاں قبل 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں لعل شیر شدید زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مقتول کو ایک گولی گھٹنے کے عقبی حصے میں لگی جو مرکزی شریان کو متاثر کرگئی جس کے باعث زیادہ خون بہنے سے اس کی موت واقع ہوئی۔ ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق مقتول کے پاس سے موبائل فون، موٹر سائیکل اور دیگر سامان موجود ملا جس سے بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ واقعہ لوٹ مار کے دوران پیش نہیں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ لعل شیر پولیس کا مخبر تھا اور الیاس گوٹھ کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق ساہیوال سے تھا۔ مقتول 2 بچوں کا باپ تھا۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق فوری طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ مقتول کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کیا گیا یا ذاتی رنجش اور دشمنی کی بنا پر نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top