کراچی (اسٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ،فواد غفار سومرو کی ہدایت پرآئسس AYSIS کمپنی اورسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تعاون سے ضلع جنوبی کے مختلف سرکاری اسکولوں میں ویسٹ مینجمنٹ اور ماحولیاتی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔اس آگاہی مہم کے ابتدائی مرحلے میں ضلع جنوبی کے پانچ سرکاری اسکولوں میں آگاہی سیشن منعقد کیے گئے جن میں بوائز اینڈ گرلز پرائمری اسکول کینٹ نمبر 2، حنیفہ بائی حاجیانی گورنمنٹ اسکول، گورنمنٹ بسم اللہ پرائمری اسکول، محمد خان جونیجو گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول اور گورنمنٹ بوائز/گرلز سیکنڈری میٹرو پولیس اسکول شامل ہیں۔ ہر سیشن میں تقریباً 40 طلبہ و طالبات نے شرکت کی جہاں انہیں صفائی ستھرائی، کچرے کو الگ رکھنے (Waste Segregation)، ری سائیکلنگ اور کچرے کو ذمہ داری کے ساتھ مقررہ جگہ پر تلف کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ طلبہ کوپلے کارڈز کے ذریعے صفائی اور ماحولیاتی ذمہ داری کے اہم اصول سمجھائے گئے جبکہ عملی طور پر تین ڈسٹ بن کے ذریعے کچرے کوعلیحدہ کرنے کا مظاہرہ بھی کیا گیا تاکہ طلبہ مختلف اقسام کے کچرے کو درست طریقے سے الگ کرنے اور ٹھکانے لگانے کے طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔آگاہی سیشن کو مزید دلچسپ اور مؤثر بنانے کے لیے طلبہ کے درمیان کوئز بھی منعقد کیے گئے جس میں بچوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ سیشن کے اختتام پر طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں پینسل باکس اور نوٹ بکس بھی بطور تحفہ اور حوصلہ افزائی کے لئے پیش کیے گئے۔ان اقدامات کا مقصدآگاہی پروگرام کو مزید وسعت دیتے ہوئے مستقبل میں 50 سے زائد سرکاری اسکولوں تک لے جانا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ میں صفائی، ری سائیکلنگ اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے اور نوجوان نسل معاشرے میں صفائی کے فروغ اور بہتر ویسٹ مینجمنٹ میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
ضلع جنوبی کے سرکاری اسکول میں طلبہ وطالبات کوصفائی ‘کچرے کے بہتر انتظام اورری سائیکلنگ کے حوالے سے آگاہی سیشن ہورہاہے















