پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے، کاظم عباس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر حافظ کاظم عباس نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو عوام پر معاشی بوجھ قرار دیتے ہوئے حکومت سے قیمتوں میں فوری کمی، پیٹرولیم لیوی سمیت اضافی ٹیکسز کے خاتمے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ملیر اور کورنگی میں ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب اور وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ کاظم عباس نے کہا کہ مہنگائی سے پریشان عوام پر پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ایک اور معاشی بوجھ ہے، حکومت فوری طور پر اضافہ واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں جبکہ دوسری جانب اشرافیہ اور بااثر طبقات کو مختلف مراعات اور چھوٹ حاصل ہیں۔ وفاقی حکومت عوام کو بامعنی معاشی ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط کے تحت ایسی پالیسیاں اختیار کی جارہی ہیں جن کا بوجھ براہ راست عوام پر پڑ رہا ہے۔ حافظ کاظم عباس نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کرنا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی سمیت عوام پر عائد اضافی ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، حکمرانوں نے عوامی مسائل کے حل پر توجہ نہ دی تو شدید عوامی ردعمل سامنے آسکتا ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top