کراچی (اسٹاف رپورٹر)سیکریٹری سندھ اسمبلی نے پیٹرولیم لیوی اور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکسوں سے متعلق وزارتِ پیٹرولیم کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے کے ذریعے سندھ اسمبلی نے وفاقی حکومت سے پیٹرولیم لیوی سمیت دیگر تمام مدات میں کی جانے والی غیر ضروری وصولیاں فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔یہ مراسلہ جماعت اسلامی کے رکنِ اسمبلی محمد فاروق کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی اس قرارداد کی روشنی میں بھیجا گیا ہے جسے سندھ اسمبلی نے کثرتِ رائے سے منظور کیا تھا۔ قرارداد کے متن کے مطابق اس وقت پیٹرول کی اصل قیمت 238 روپے 70 پیسے فی لیٹر ہے، جبکہ حکومت اس پر 80 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی اور 5 روپے ماحولیاتی لیوی وصول کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف مارجنز کے نام پر 25 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافی رقم وصول کی جا رہی ہے۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان غیر ضروری اور اضافی وصولیوں کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی نے عوام پر 95 فیصد اضافی بوجھ ڈال دیا ہے۔ سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ عوام پہلے ہی شدید مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، لہٰذا تمام غیر ضروری لیویز اور ٹیکسز ختم کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔















