پی ٹی آئی کا پنجاب میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ، سہیل آفریدی کو قیادت کی دعوت

sohail-afridi-in-karachi

لاہور: پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی قیادت نے صوبے میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے لیے قیادت نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو پنجاب آنے کی دعوت دے دی ہے۔

رکن قومی اسمبلی نثار جٹ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ متفقہ طور پر پنجاب میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ جب تشریف لائیں گے تو ہم انہیں ویلکم کریں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی قیادت کے اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب میں جاری کریک ڈاؤن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب میں کارکنان کے خلاف بدترین کریک ڈاؤن شروع ہوچکا ہے جبکہ اسٹریٹ موومنٹ کی صورت میں کریک ڈاؤن مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ارکان نے کہا کہ لانگ مارچ کی کال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

اجلاس میں اکثریتی ارکان اسٹریٹ موومنٹ کے حامی نکلے، ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے عوام سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہیں، سہیل آفریدی نے پنجاب کی قیادت کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی سے نہیں ڈریں گے، آپ جہاں بلائیں گے میں آؤں گا۔

پنجاب کی قیادت نے اکثریتی ارکان کی حمایت کے بعد اسٹریٹ موومنٹ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس کی تاریخ اور وقت کا اعلان وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے۔

مزید خبریں

Scroll to Top