احتجاج اور توڑ پھوڑ: 8 پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

pti

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی، احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں 8 ایم این ایز اور ایم پی ایز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمہ نمبر 714 میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، جو جج طاہر عباس سپرا نے جاری کیے۔

عدالت کی جانب سے جن رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، ان میں شاہد خٹک، مولانا نسیم علی شاہ، عامر ڈوگر، عاطف خان، اقبال آفریدی، مینا خان، ڈاکٹر امجد اور شفیع جان شامل ہیں۔عدالت نے تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

دوسری جانب 15 فروری کو پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اور کارکنان کی جانب سے شاہراہ دستور پر احتجاج کے معاملے میں پولیس کی جانب سے مقدمے میں گرفتار کیے گئے 4 پی ٹی آئی کارکنان کو بھی عدالت میں پیش کردیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کی شناخت پریڈ کرانے کے لیے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔عدالت نے چاروں ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کو تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top