افغان میڈیکل طلبا پر پاکستان میں کوئی پابندی نہیں، پی ایم ڈی سی نے وضاحت کردی

Education

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے افغان طلبا کے حوالے سے وضاحتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں طبی تعلیم کے لیے کسی مخصوص قومیت، بشمول افغان طلبا، پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے۔

پی ایم ڈی سی کے اعلامیے کے مطابق تمام غیر ملکی طلبا پر پی ایم ڈی سی کے قوانین اور ویزا پالیسی کا بلاامتیاز اطلاق ہوتا ہے۔ پاکستان میں طبی تعلیم کے حصول کے لیے کسی مخصوص قومیت یا افغان طلبا کے لیے الگ سے کوئی پابندی موجود نہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 200 سے زائد افغان میڈیکل طلبا کی نشاندہی کی گئی ہے، ان میں سے صرف 22 افغان طلبا پی ایم ڈی سی کے پاس قانونی طور پر رجسٹرڈ ہیں، رجسٹرڈ 22 طلبا میں سے 14 اپنی طبی تعلیم مکمل کرچکے ہیں، جبکہ 8 طلبا اگلے سال فارغ التحصیل ہوں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ باقی 176 افغان طلبا کے ریکارڈ اور دستاویزات کی تصدیق کا عمل جاری ہے، صرف میڈیکل ڈگری حاصل کرلینا پاکستان میں قیام یا طبی پریکٹس کا حق نہیں دیتا۔

پی ایم ڈی سی نے واضح کیا کہ پاکستان میں طبی پریکٹس کرنے کے لیے پی ایم ڈی سی کا لائسنس اور درست ویزا لازمی ہے جبکہ غیر رجسٹرڈ طلبا کو میڈیکل ایجوکیشن سسٹم کے تحت قانونی طالب علم تصور نہیں کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق متاثرہ طلبا کو کاغذی کارروائی مکمل کرنے اور منظم و باعزت واپسی کے لیے سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، تمام ایسے غیر ملکی طلبا جو قانونی اور ضابطے کے تقاضوں پر پورا اترتے ہیں، انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top