پیٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری، دھرنے جاری رکھنے کا اعلان

Dahrna

اسلام آباد: جماعت اسلامی کا اعلیٰ سطحی وفد پیٹرولیم لیوی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر حکومت سے مذاکرات کے لیے پنجاب ہاؤس پہنچ گیا، جہاں حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ بات چیت ہوئی، جماعت اسلامی نے واضح کیا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے باوجود دھرنے جاری رہیں گے۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد پنجاب ہاؤس پہنچا۔ جماعت اسلامی کے وفد میں سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور نوید علی بیگ شامل تھے۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی جبکہ ٹیم میں رانا ثناء اللہ خان، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی بھی شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا یہ دوسرا مرحلہ تھا۔ مذاکرات میں بالخصوص پیٹرولیم لیوی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل مذاکرات کے پہلے مرحلے میں جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے حکومت کو چھ تجاویز پیش کی تھیں۔ جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور پیٹرولیم لیوی سمیت دیگر محصولات کے بوجھ کو کم کیا جائے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے مذاکرات میں حکومت پر زور دیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور عوام پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کا ازالہ کیا جائے۔ جماعت اسلامی نے عوامی ریلیف کے لیے اپنی تجاویز پر حکومت سے سنجیدگی سے غور کرنے کا مطالبہ کیا۔

مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں حکومتی وفد اور جماعت اسلامی کے نمائندوں نے اپنے اپنے مؤقف پیش کیے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے امکانات اور پیٹرولیم لیوی سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی۔

دوسری جانب جماعت اسلامی نے واضح کیا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنے کے باوجود دھرنے ختم نہیں کیے جائیں گے، عوامی مطالبات کی منظوری تک احتجاجی سرگرمیاں جاری رہیں گی، حکومت کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، جب تک عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ ریلیف نہیں ملتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید خبریں

Scroll to Top