اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے ناراض اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ماضی کے قریبی ساتھی اور سابق سینیٹر ڈاکٹر سید آصف کرمانی نے ملک میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی، گیس و بجلی کے بھاری بلوں اور مختلف غیر ضروری ٹیکسوں کے خلاف شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں سے عوام پر رحم کرتے ہوئے عہدے چھوڑنے کا مطالبہ کردیا۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک انتہائی سخت اور جذباتی بیان میں ڈاکٹر سید آصف کرمانی نے عام آدمی کی زبوں حالی اور مالی مشقت کی تصویر کشی کرتے ہوئے واضح کیا کہ مہنگائی کے سونامی نے متوسط اور غریب طبقے کا جینا دوبر بھر کر دیا ہے۔
انہوں نے روزمرہ اشیاءاور بنیادی سہولیات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں اب روزمرہ کی شدید مہنگائی، مہنگی بجلی، گیس کے بھاری بلوں اور مسلسل مہنگے ہوتے پٹرول و ڈیزل کو برداشت کرنے کی بالکل سکت نہیں رہی۔
صورتحال اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ عام شہری بنیادی ضروریاتِ زندگی سے بھی محروم ہو رہا ہے۔
سابق سینیٹر نے تعلیم، صحت اور عدالتی نظام میں بڑھتے ہوئے اخراجات کے ساتھ ساتھ عوام پر عائد کیے جانے والے اضافی ٹیکسوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک میں معیاری تعلیم اور علاج معالجہ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے، غریب کے لیے عدالتی انصاف حاصل کرنا بھی ناممکن حد تک مہنگا بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے مختلف ناموں سے وصول کیے جانے والے مالیاتی بوجھ کو ‘جگا ٹیکس’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے لگائے گئے ان نا ہم وار ٹیکسوں نے شہریوں کی معاشی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
ڈاکٹر سید آصف کرمانی نے حکومتی اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا کہ خدا کا واسطہ ہے، عوام کی جان چھوڑ دو! کیونکہ اب عوام میں مزید کوئی نیا معاشی بوجھ یا ٹیکس سہنے کی مطلق گنجائش نہیں بچی۔















