پشاور: عوامی نیشنل پارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے جاری دھرنوں میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اے این پی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے جاری دھرنوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے سینیٹر ایمل ولی خان کو پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاج اور دھرنوں میں شرکت کی دعوت دی، جسے ایمل ولی خان نے قبول کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی عوامی کاوش کو سراہا۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات پر بڑھتے ہوئے ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی کا مسئلہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ عوام پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور حکومتی پالیسیوں نے عام آدمی کی زندگی کو مزید دشوار بنا دیا ہے۔
ایمل ولی خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہر اس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرے گی جو عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ، مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کی جائے۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور مہنگائی کے خلاف تمام جمہوری قوتوں کو مشترکہ آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ حکومت پر عوام دوست پالیسیاں اختیار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔















