کراچی: پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے انسدادِ پولیو مہمات میں خدمات انجام دینے والے صفِ اول کے کارکنوں کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
قومی مرکز برائے انسدادِ پولیو کے مطابق معاوضے میں کیا جانے والا اضافہ آئندہ انسدادِ پولیو مہم سے نافذ العمل ہوگا، جس کے بعد مہم کے دوران بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والے کارکنوں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ یومیہ معاوضہ دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں آئندہ قومی انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران 115 اضلاع میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
قومی مرکز برائے انسدادِ پولیو نے بتایا کہ ملک گیر مہم کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی میں صفِ اول کے کارکن بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاتے اور والدین کو اس موذی مرض سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کرتے ہیں۔ یومیہ معاوضے میں اضافے کا فیصلہ ان کارکنوں کی خدمات اور ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔















