وزیراعظم کی نئی آٹو پالیسی 2026-31 کی اصولی منظوری، ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی میں کمی کی تجویز

pm-shahbaz

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نئی آٹو پالیسی 2026-31 کی اصولی منظوری دے دی، پالیسی کے مسودے کو حتمی شکل دینے سے قبل آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیا جائے گا جبکہ آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد اسے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں ایک عرصے سے زیرالتوا نئی آٹو پالیسی کے مسودے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پالیسی کا بنیادی مقصد مقامی آٹو انڈسٹری میں سرمایہ کاری، گاڑیوں کی برآمدات اور مقامی پیداوار بڑھانے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق و ترقی کو فروغ دینا ہے۔

ذرائع کے مطابق آٹو پالیسی میں ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر آئندہ پانچ سال کے دوران ٹیکس میں مرحلہ وار 20 فیصد تک کمی کی تجویز دی گئی ہے، 800 سی سی تک اور 851 سے 1000 سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی 50 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز زیرغور ہے۔

اسی طرح 1501 سے 1800 سی سی اور 1801 سی سی سے زائد ہائبرڈ گاڑیوں پر بھی موجودہ 50 فیصد ڈیوٹی کو پانچ سال کے دوران مرحلہ وار کم کرکے 30 فیصد تک لانے کی تجویز دی گئی ہے۔پالیسی کے تحت ہائبرڈ ٹرکوں پر ڈیوٹی 30 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد کرنے کی تجویز ہے جبکہ ہائبرڈ کمرشل گاڑیوں پر ڈیوٹی 60 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ہائبرڈ بسوں پر بھی ڈیوٹی 30 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد تک لانے کی تجویز شامل ہے۔

دوسری جانب پالیسی میں مالی ضروریات پوری کرنے اور ماحولیاتی اہداف کے لیے بڑی گاڑیوں پر ماحولیاتی لیوی عائد کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے، 2001 سے 3000 سی سی گاڑیوں پر 10 فیصد جبکہ 3001 سی سی اور اس سے بڑی گاڑیوں پر 19.5 فیصد ماحولیاتی لیوی عائد کرنے کی تجویز ہے۔

ماحولیاتی لیوی سے آئندہ پانچ سال کے دوران مجموعی طور پر 142.79 ارب روپے آمدن حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، اس آمدن کو گاڑیوں کی برآمدات کے فروغ، تحقیق و ترقی اور متعلقہ شعبوں کی بہتری کے لیے استعمال کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی آٹو پالیسی کے حتمی اعلان سے قبل آئی ایم ایف سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ اس کے بعد پالیسی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد اسے پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top