پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرایوں میں اضافے کا اعلان

441722_8173763_updates

کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 17 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔

شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی گئی تھی۔ حکومت نے ہمارے چند مطالبات تسلیم کیے ہیں اور ان پر عملدرآمد بھی جاری ہے، تاہم بیشتر مطالبات تاحال زیر التوا ہیں۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 364 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top