جونیئر ہاکی ایشیا کپ، پاکستان کی مینز ٹیم مسلسل چوتھی فتح کے ساتھ ناقابلِ شکست

08181834edd652c

چین میں جاری مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے آخری گروپ میچ میں بنگلادیش کو 3-0 سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

قومی جونیئر ہاکی ٹیم نے بنگلادیش کے خلاف میچ کے آغاز ہی سے جارحانہ حکمت عملی اختیار کی اور حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔ پاکستان کی جانب سے رانا ولید نے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9ویں منٹ میں پہلا گول کیا، جس کے صرف 3 منٹ بعد انہوں نے ایک مرتبہ پھر گیند کو جال کی راہ دکھا کر پاکستان کی برتری 2-0 کردی۔

دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے بنگلادیش کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور مسلسل حملے جاری رکھے۔ قومی ٹیم کی مضبوط دفاعی حکمت عملی کے باعث بنگلادیش کی جانب سے کوئی گول نہ ہوسکا۔

میچ کے آخری کوارٹر میں پاکستان نے ایک مرتبہ پھر مؤثر حملہ کیا اور 52ویں منٹ میں غلام مصطفیٰ نے عمدہ فیلڈ موو کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے قومی ٹیم کی برتری 3-0 کردی۔ اس گول کے بعد بنگلادیش کی واپسی کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں اور پاکستان نے واضح برتری کے ساتھ مقابلہ اپنے نام کرلیا۔

بنگلادیش کے خلاف کامیابی پاکستان جونیئر ٹیم کی ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی فتح ہے۔ قومی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست ہے اور گروپ مرحلے میں عمدہ کارکردگی کے بعد سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم اب جمعہ کو سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کا سامنا کرے گی، جہاں قومی کھلاڑیوں کی نظریں فائنل میں جگہ بنانے پر مرکوز ہوں گی۔

ویمنز جونیئر ایشیا کپ: پاکستان کو کوارٹر فائنل میں جگہ مل گئی

دوسری جانب ویمنز جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان کھیلا گیا گروپ میچ 1-1 گول سے برابر رہا، تاہم اس نتیجے کے بعد قومی خواتین ٹیم نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

قازقستان نے مقابلے میں ابتدائی برتری حاصل کی جب امان گیلدی ژانسایا نے 15ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0 کی سبقت دلائی۔ پاکستانی ٹیم نے خسارے کے باوجود ہمت نہ ہاری اور مسلسل حملوں کے ذریعے مقابلے میں واپسی کی کوششیں جاری رکھیں۔

پاکستان کی کوششیں میچ کے آخری مرحلے میں رنگ لے آئیں جب قومی ٹیم کی کپتان شارقہ سرور نے 55ویں منٹ میں شاندار فیلڈ گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

باقی وقت میں دونوں ٹیموں کی جانب سے مزید کوئی گول نہ ہوسکا اور یوں میچ 1-1 کی برابری پر ختم ہوگیا۔ ڈرا کے باوجود پاکستان نے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی اور اب قومی ویمنز جونیئر ٹیم کی توجہ کوارٹر فائنل پر مرکوز ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top