اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے نوجوان تاجر میر رضا کاکرپٹو کرنسی سے متعلق 6 ماہ کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے، جس کا تفصیلی تجزیہ پولیس کی درخواست پر کیا جائے گا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کاکرپٹو کرنسی کی سرگرمیوں سے متعلق گزشتہ 6 ماہ کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے درخواست کی گئی تھی، جس کے بعد متعلقہ ڈیٹا نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے فراہم کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ریکارڈ کو عدالتی کمیشن کے سامنے بھی پیش کردیا گیا ہے، جبکہ ڈیٹا کو کال تفصیلات کے ریکارڈ کی طرز پر مرتب کرکے جمع کرایا گیا ہے تاکہ متعلقہ لین دین اور دیگر سرگرمیوں کا جائزہ لیا جاسکے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے اب نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے حاصل شدہ ریکارڈ کا تفصیلی تجزیہ کرنے کی درخواست کردی ہے۔ تجزیے کے ذریعے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران میر رضا کاکرپٹو کرنسی سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر کتنی لین دین ہوئی اور ان کی نوعیت کیا تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈیٹا کے تجزیے کے بعد لین دین کی تعداد، ان کے تسلسل اور دیگر متعلقہ تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے، جس سے جاری تفتیش میں مزید پیش رفت ہوسکتی ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے ڈیٹا کا تجزیہ مکمل کرکے ممکنہ طور پر کل تک پولیس کو فراہم کردیا جائے گا، جس کے بعد تفتیشی ٹیم حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں آئندہ کارروائی کا تعین کرے گی۔















